عشق فانی کا ایک عبرت انگیز واقعہ

 

عشق فانی کا ایک عبرت انگیز واقعہ

ایک شہزادہ اپنی رعایا میں سے ایک غریب لڑکی کے حسن و جمال پر ایسا فریفتہ ہوا کہ کھانا پینا چھوڑ کر ہر وقت اس کے ہجر میں آہ و زاری کرتا، بادشاہ کو پتا لگا تو نہایت رنج ہوا، بایں خیال کہ عالم شہزادگی میں یہ کیفیت ہے تو تخت نشین ہوکر بعالم خودمختاری اللہ جانے کیا کیا ظلم کرے گا؟ چنانچہ وزیر باتدبیر سے اس کی اصلاح کے لیے صلاح و مشورہ کیا کہ شاید پند و نصیحت سے شہزادہ راہ راست پر آجائے، وزیر نے بادشاہ کو تسلی دی اور بادشاہ سے چند روز کی مہلت طلب کی، ایک دو روز کے بعد تمام حالات متعلقہ سے واقفیت حاصل کرکے وزیر نے اپنی حکمت عملی اور زورزر سے لڑکی کے تمام کنبے کو اپنی ملازمت محلات میں لے لیا،اور لڑکی کو اپنی بیگم کی کنیز خاص مقرر کیا، دو چار دن گزرنے کے بعد وزیر نے ایک حکیم سے مشورہ کرکے کنیز لڑکی کے کھانے میں کوئی سخت اسہال آور دوا ملادی، جس کے نتیجے میں لڑکی کو اس کثرت سے اسہال آئے کہ تمام مادہ اندرونی خارج ہوکر مشت اسخوان رہ گئی، حسب ہدایت وزیر اس کا تمام مادہ غلاظت ایک پاٹ میں جمع ہوتا رہا، وزیر نے شہزادے سے نہایت رازدارانہ طریقہ پر بطور ہمدردی کہا کہ میرے ساتھ چل کر اپنی محبوبہ سے ملاقات کرلیں، شہزادہ اس غیر متوقع کامیابی سے خوش ہوکر وزیر کے محلات میں گیا، وزیر نے بیمار لڑکی کو اس کے سامنے پیش کردیا، شہزادہ نے رنجیدہ ہوکر کہا کہ آپ میرے ساتھ تمسخر کرتے ہیں جا ایسی مکروہ بدشکل بیمار اور کمزور لڑکی کو میری محبوبہ بتلاتے ہیں، وزیر نے حلفیہ کہا کہ وہی لڑکی ہے، جس کے ہجر میں آپ اس قدر لاغر ہورہے ہیں، شہزادے نے پوچھا وہ تو نہایت حسین و جمیل تھی، اس کا حسن و جمال کہاں گیا؟ وزیر نے غلاظت بھرے پاٹ کی طرف اشارہ کرکے کہا اس کا حسن و جمال اس پاٹ کے اندر بند کر رکھا ہے، شہزادے نے متعجب ہوکر پاٹ کو جو کھولا تو اس کے تعفن سے غشی کی سی حالت طاری ہوگئی، ہوش آنے پر وزیر نے کہا، اس حسن کی اصلیت یہی ہے، جس پر آپ اس قدر فریفتہ تھے، چنانچہ شہزادہ اس تمام واقعہ کی حقیقت سے با خبر ہوکر آئندہ اس قسم کی ناجائز حسن پرستی سے تائب ہوگیا، انسان کو چاہئیے کہ ظاہر پر فریفتہ نہ ہو، کیونکہ اس کی اصل سراسر غلاظت کی پوت ہے۔

Post a Comment

0 Comments
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.
https://vast.yomeno.xyz/vast?spot_id=53556