حضرت عیسی علیہ السلام کا ایک معجزہ

حضرت عیسی علیہ السلام کا ایک معجزہ

بیان کیا جاتا ہے کہ بنی اسرائیل میں ایک شخص کی بیوی نہایت حسین تھی جس پروہ فریفتہ تھا، چنانچہ جب اس عورت کا انتقال ہوگیا تو اس اسرائیلی کو قلق ہوا اور ایک مدت تک وہ اس عورت کی قبر پر بیٹھا روتا رہا، اتفاقا حضرت عیسی علیہ السلام کا ادھر سے گزر ہوا تو انہوں نے اس اسرائیلی کو پریشان حال دیکھ کر اس کا سبب معلوم کیا، جب اسرائیلی نے اپنا واقعہ بیان کیا تو حضرت عیسی علیہ السلام نے دریافت فرمایا کیا تو چاہتا ہے کہ میں اس کو تیرے لیے زندہ کر دوں؟

اس نے عرض کیا کہ ہاں حضور میں چاہتا ہوں۔

چنانچہ جب حضرت عیسی علیہ السلام نے اس قبر کے مردہ کو آواز دی تو قبر سے ایک حبشی غلام جس کے ناخن کے تنوں، آنکھوں اور جسم کے دوسرے سوراخوں سے آگ کی لپٹیں اٹھ رہی تھیں، حضرت عیسی علیہ السلام کو دیکھتے ہی غلام نے کلمہ پڑھا کہ "لا اله الا الله عیسی روح الله "اسرائیلی نے یہ دیکھ کر عرض کیا حضور مجھ سے غلطی ہوگئی میری بیوی کی قبرتو دوسری ہے، یہ سن کر حضرت عیسی علیہ السلام نے حبشی کو حکم دیا کہ تم اپنی قبر میں واپس ہوجاو، چنانچہ وہ مردہ ہوکر گر گیا اور اس کی قبر کومٹی سے چھپا دیا گیا -

حضرت عیسی علیہ السلام نے اس دوسری قبر کی جانب توجہ فرمائی اور حکم دیا کہ اے صاحب قبراللہ  کے حکم سے زندہ ہو جا! چنانچه قبر پھٹی اور اس سے ایک عورت سر سے گرد جھاڑتی ہوئی باہر آ گئی جس کو دیکھ کر اسرائیلی بولا کہ یا روح اللہ! میری بیوی یہی ہے۔

اور حضرت عیسی علیہ السلام کے حکم سے وہ اسرائیلی اپنی بیوی کو ہمراہ لے کر واپس ہونے لگا مگر عرصہ سے جاگا ہوا تھا اس لیے اس پر نیند کا غلبہ ہو گیا اور اس نے بیوی سے کہا کہ تیری قبر پرگریہ زاری اور بیداری نے مجھے ہلاک کردیا ہے، اس لیے میں چاہتا ہوں کہ کچھ دیر آرام کرلوں، بیوی کہنے کی کہ ہاں، آپ آرام کر لیں ، چنانچہ وہ اسرائیلی بیوی کے زانو پر سر رکھ کر سوگیا اتنے میں ایک گھوڑے پر سوار ایک شہزادے کا ادھر سے گزر ہوا جو اپنے زمانے کا حسین تھا، جس کو دیکھ کر شہزادی از خود فریفتہ ہوگئی اور اس کا دل قابو میں نہ رہا اس نے شوہر کا سر زانو سے نیچے رکھا اور غلبہ شہوت سے مجبور ہو کر شہزادے کے سامنے جا کھڑی ہوئی ، ادھر جیسے ہی شہزادے کی نظر اس پر پڑی وہ بھی اس کو دیکھ کر اس پر فریفتہ ہو گیا اور عورت کی خواہش پر اس کو اپنے گھوڑے پر بٹھا کر لے گیا،چنانچہ اس کے شوہر نے بیدار ہو کر جب اپنی بیوی کو نہ پایا تو نہایت پریشان ہوا اور اس کے ملنے کی تدبیر سوچنے لگا سوچتے سوچتے آخر اس کے نشان قدم پر چل کر اپنی بیوی کو تلاش کرلیا جوشہزادے کے پاس تھی۔

اس کو دیکھ کر اسرائیلی نے شہزادے سے عرض کیا کہ یہ میری بیوی ہے آپ اس کو چھوڑ دیں ، ابھی شهزادہ کچھ کہنے بھی نہ پایا تھا کہ اس عورت نے کہا میں تیری بیوی نہیں، بلکہ شہزادے کی لونڈی ہوں! یہ سن کر شہزادہ اسرائیلی سے کہنے لگا کیا مجھ سے میری لونڈی کو لینا چاہتا ہے؟ اس نے کہا ، خدا کی قسم ! میری بیوی ہے جس کو میرے سردار حضرت عیسی علیہ السلام نے مرنے کے بعد میرے لیے زندہ کیا ہے، ابھی گفتگو ہورہی تھی کہ اتفاقا حضرت عیسی علیہ السلام بھی وہاں تشریف لے آئے جن کو دیکھ کر اسرائیلی کہنے لگا یاروح اللہ! کیا یہ میری وہ بیوی نہیں ہے جس کو آپ نے میرے لیے زندہ کیا ہے؟ حضرت عیسی علیہ السلام نے فرمایا کہ ہاں! یہ وہی ہے یہ سن کرعورت کہنے لگی کہ یاروح الله یہ شخص جھوٹا ہے میں تو اس شہزادے کی لونڈی ہوں ۔

حضرت عیسی علیہ السلام نے فرمایا کیا تو وہ عورت نہیں جس کو میں نے الله تعالی کے حکم سے زندہ کیا ہے؟ عورت نے کہا، یا روح اللہ ! بخدا میں وہ نہیں ہوں اس کے بعد حضرت عیسی علیہ السلام نے فرمایا ، جو جان خدا کے حکم سے میں نے تجھے دی ہے اس کو واپس کر دے! یہ سنتے ہی وہ عورت پھر مردہ ہو کر گر پڑی اور حضرت عیسیؑ فرمانے لگے کہ جو ایسے آدمی کو دیکھنا چاہے جو کافر مرا تھا اور زنده ہو کر ایمان لایا تو وہ اس حبشی غلام کو دیکھے جو پھرایمان کی حالت میں مرا ہے اور جو کوئی ایسے شخص کو دیکھنا چاہے جو مومن مرا تھا پھر اللہ نے اس کو زندہ کیا اور وہ کافر ہو کر حالت کفر میں مر گیا تو وہ اس عورت کو دیکھ لے، اس واقع کو دیکھ کر اسرائیلی نے قسم کھائی اب بھی نکاح نہ کروں گا اور میدانوں کی طرف نکل گیا جہاں الله تعالی کی عبادت میں مصروف رہ کر اسے موت آگئی اللہ تعالی اس پر رحم فرمائے۔

(بحوالہ حکايات الصالحین)

Post a Comment

0 Comments
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.
https://vast.yomeno.xyz/vast?spot_id=53556