ایک حیرت انگیز اور انوکھا واقعہ



ایک حیرت انگیز اور انوکھا واقعہ

عضدالدولہ کے امراء میں سے ایک ترکی نوجوان تھا اس نے یہ حرکت شروع کی کہ ایک مکان کی دیوار کے سوراخ سے اس مکان میں رہنے والی عورت کو دیکھتا تھا، اس عورت نے اپنے شوہر کو بتایا کہ یہ ترکی لڑکا روزانہ بہت دیر تک اس سوراخ سے دیکھتا ہے اس نے میرا آرام حرام کردیا ہے، یہاں گھر پر کوئی نہیں ہوتا دیکھنے والا یہی سمجھے گا کہ میں اس سے باتیں کیا کرتی ہوں، میری سمجھ میں نہیں آتا کہ میں کیا کروں؟ اس کے شوہر نے کہا کہ تو اس کے نام ایک خط لکھ جس کا مضمون یہ ہو کہ روزانہ کھڑا ہونا بیکار بات ہے جب عشاء کی نماز کے بعد اچھی طرح اندھیرا ہوجائے اور لوگ سو کر غافل ہوجائیں تو تم گھر میں آجانا میں دروازے کے پیچھے  ہوں گی ۔

چنانچہ پھر اس کے شوہر نے دروازے کے پیچھے ایک گہرا گڑھا کھودا اور اس کے انتظار میں کھڑا ہوگیا جب وہ ترکی لڑکا آیا اور اس نے دروازہ کھولا اور اندر داخل ہوا تو اس عورت کے شوہر نے اس کو دھکا دے کر گڑھے میں ڈال دیا اور اس پر مٹی بھردی، اس واقعہ کو کئی دن گزر گئے کسی کو کچھ خبر نہ ہوئی،ایک دن عضدالدولہ نے دریافت کیا کہ فلاں شخص کہاں ہے ؟ اس کو بتایا گیا کہ اس کا کچھ پتا نہیں، اس پر عضدالدولہ غور و فکر کرتے رہے، یہاں تک کہ اس تحقیق کی انہوں نے یہ صورت نکالی کہ ایک شخص کو اس مؤذن کو بلانے کے لیے بھیجا جو اس مکان کے قریب والی مسجد کا مؤذن تھا اس نے بظاہر مؤذن کو بہت سخت پکڑا اور عضدالدولہ کے سامنے حاضر کردیا پھر عضدالدولہ نے آہستہ سے اس سے کہا کہ یہ اہک سو دینار لے لو اور جو کچھ ہم تم کو حکم دیں اس کی تعمیل کرو جب تم اپنی مسجد میں جاؤ تو عشاء کی آذان زیادہ دیر سے دیکر مسجد میں بیٹھ جانا ، پھر سب سے پہلے جو شخص  تمہارے پاس آئے اور تم سے تیری گرفتاری نافذ ہونے کی تحقیق کرے تو اس کی اطلاع مجھے دے دینا۔ اس نے کہا بہت اچھا تو اس مؤذن نے ایسا ہی کیا تو جو شخص سب سے پہلے مسجد میں تحقیق کے لیے آیا تو یہ وہی شخص تھا (جس نے ترکی کو مارا تھا ) اس نے مؤذن سے کہا کہ میرا دل تیری طرف لگا ہوا تھا اور تمہیں اس طرح گرفتار کرکے بلوانے سے عضدالدولہ کی تم سے کیا غرض تھی ؟

مؤذن نے کہا الحمداللہ خیریت ہے کوئی خاص بات نہیں تھی، جب صبح ہوئی تو مؤذن نے عضدالدولہ کے پاس جاکر پورا حال بتایا، عضدالدولہ نے اس (قاتل)کو حاضر کرنے کا حکم دیا، یہ حاضر ہوگیا، اس سے پوچھا کہ ترکی کا کیا معاملہ ہے،بیان کرو؟ اس نے کہا کہ میں آپ سے سچی بات کہتا ہوں میری بیوی بہت پردہ دار اور پاک دامن ہے یہ شخص گھات لگائے ہوئے اس کو دیکھتا تھا اور میری بیوی بدنامی کے خوف سے اس شخص کے کھڑے ہونے سے پریشان ہوگئی تو میں نے اس کے ساتھ ایسا ایسا معاملہ کیا (اور پوری تفصیل سنادی) عضدالدولہ نے کہا جاؤ سپر خدا، نہ کسی نے کچھ سنا اور نہ کسی نے تم سے پوچھا۔

Post a Comment

0 Comments
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.
https://vast.yomeno.xyz/vast?spot_id=53556